ریاض ۔ 9 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض پر داغے گئے دو بیلسٹک میزائیلوں کو روک دیا ۔ اے ایف پی کے فوٹوگرافر کے مطابق شہر میں دو دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں۔ سعودی کے زیرقیادت عرب فوجی اتحاد نے کہا کہ اس مملکت کے فضائی دفاعی نظام نے اس سے چند گھنٹوں قبل سعودی عرب کے جنوبی شہر جیزان کو نشانہ بناتے ہوئے یمن کی طرف سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائیلوں کو بھی روک دیا تھا ۔ کرنل ترکی المالکی نے ان حملوں کیلئے ایران کے تائید یافتہ حوثی باغیوں کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ ریاض ایک طویل عرصہ سے اپنے علاقائی حریف تہران پر حوثیوں کو بیلسٹک میزائیلس سربراہ کرنے کا الزام عائد کرتا رہاہے ۔ سعودی عرب نے حوثیوں کو بے اثر کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلمہ یمنی حکومت کی بحالی کے مقصد سے 2015 ء میں فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا ۔ حوثیوں نے حالیہ چند ماہ کے دوران سعود عرب پر اپنے میزائیل حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ تازہ ترین میزائیل حملے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ایران کے ساتھ نیوکلیئر سمجھوتہ سے دستبرداری کے بعد کیا گیا ہے۔