جدہ ۔ 25 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے 45 ورکر سعودی عرب میں جدہ کے قریب ایک لیبر کیمپ میں کئی ماہ سے عدم ادائیگی کا شکار ہونے کے بعد پریشانی میں دن گذار رہے ہیں ، جس پر یہاں کے ہندوستانی مشن نے یہ مسئلہ یکسوئی کیلئے حکام سے رجوع کیا ہے ۔ قونصل (کمیونٹی ) متعینہ جدہ راج کمار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم کفیل کمپنی کے ساتھ بات چیت میں ہیں جو ان ورکرس کے سعودی عربیہ سے خروج کیلئے انتظام کررہی ہے ۔ ہم اپنی بہترین سعی کررہے ہیں اور آئندہ ہفتہ یا ڈسمبر کے پہلے ہفتہ تک یہ معاملہ حل ہوجانا چاہئے ۔ انھوں نے بتایا کہ ہم ان تمام ورکرس اور متعلقہ کمپنی سے ربط میں ہیں ۔ موجودہ طورپر ہم نے اُن کے کیمپ کے قریب ورکرس کیلئے طعام کے ساتھ غذا کی فراہمی کے انتظامات بھی کئے ہیں۔ سعودی گزٹ کی اطلاع کے مطابق بھرتی کرنے والی کمپنی جس نے ان ورکرس کو سعودی عرب بلایا ، انھیں ایک کنسٹرکشن فرم کے حوالے کردیا تھا جس نے جولائی سے اُنھیں تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں۔