ریاض ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں جیولوجیکل سروے کے مطابق مملکت میں ہفتے کی صبح النماص ضلع سے 13 کلومیٹر شمال میں دوسری مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریخترپیمانے پر اس کی شدت 3 رہی جب کہ زمین کے اندر زلزلے کی گہرائی 5.4 کلو میٹر تھی۔اس سے قبل جمعہ کی صبح بھی النماص ضلعے کے ہی شمال میں 16 کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ تاہم کسی قسم کے جانی اور مادی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکی میں زیرحراست
جرمن خاتون رہا، وزارت خارجہ
استنبول۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمن وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز کہا کہ ترکی میں قید جرمن شہریت کی حامل ایک اور خاتون کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ترک حکام نے اس خاتون کو ’سیاسی وجوہات‘ کی بنا پر حراست میں لیا تھا۔ جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان رائنر برؤل نے اس خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم کہا کہ اس جرمن خاتون کو 22 اکتوبر کو رہا کیا گیا، تاہم اسے ترکی چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔