سعودیہ میں میچ کے دوران دھماکے کا منصوبہ ناکام بنانیکا دعویٰ

جدہ ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مغربی شہر جدہ میں فٹبال کے ایک بین الاقوامی میچ کے دوران بم دھماکہ کے ممکنہ منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں جدہ میں منعقدہ فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کو کار بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ 2018ء کے ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ میچ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ انھوں نے نام نہاد جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے سعودی سکیورٹی پرسونل کو دارالحکومت ریاض میں نشانہ بنانے کے ایک اور منصوبے کو بھی ناکام بنادیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں ’دہشت گردی کے دو اڈوں‘ سے آٹھ مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ان آٹھ افراد میں سعودی شہریوں کے علاوہ دو پاکستانی، ایک شامی اور ایک سوڈانی شہری شامل ہے۔ وزارتِ داخلہ نے صوبہ قطیف اور دمام میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے کے سلسلے میں دیگر مطلوب افراد کی ایک فہرست بھی جاری کی ہے۔ یہ بات بھی نمایاں ہے کہ گزشتہ دو سال سے سعودی عرب دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے حملوں کی زد میں رہا ہے۔ جولائی میں ایک خود کش بمبار نے مقدس شہر مدینہ منورہ میں چار سکیورٹی جوانوں کو ہلاک اور پانچ دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق ماہ جون میں ملک میں 26 دہشت گرد حملے ہوئے تھے۔