جدہ۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بیرون ملک انتہا پسند گروپوں کیلئے نوجوان کو بھرتی کرنے کی کوشش کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سخت گیر جنگجو گروپ دولت اسلامی عراق و شام (داعش) کیلئے نوجوانوں کو بھرتی کر رہے تھے۔ سرکاری خبر رساں ادارے نے وزارت داخلہ کا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ’’سکیورٹی حکام نے ایک کارروائی کی تھی جس کے دوران آٹھ شہریوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ یہ افراد بیرون ملک انتہا پسند گروپوں کیلئے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کے کام میں ملوث تھے‘‘۔ سعودی عرب نے جنگجو گروپوں کے خلاف سخت موقف اختیار کر رکھا ہے اور حالیہ مہینوں کے دوران مملکت میں مختلف عرب ممالک میں برسرپیکار انتہا پسند عناصر سے تعلق کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مئی میں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے شام اور یمن سے تعلق رکھنے والی ایک بڑی دہشت گرد تنظیم کو توڑنے کی اطلاع دی تھی۔ اس تنظیم سے تعلق کے الزام میں 62 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر سعودی عرب کی سرکاری تنصیبات اور غیر ملکی مفادات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔