ریاض ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ولیعہد شہزادہ سلمان ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع کی زیر صدارت منعقدہ مجلس وزراء کے ایک اجلاس میں حکومت ہند کے ساتھ سعودی عرب کے ایک معاہدہ کو منظوری دیدی گئی جس کے تحت ہندوستانی گھریلو ملازمین بشمول خادماؤں کے تقرر کی راہ ہموار ہوگئی۔ یہ معاہدہ گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ وزیر حج و کارگزار وزیر اطلاعات بندر ہجر نے کہا کہ اس کا مقصد تقررات کے طریقہ کار کو منظم بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان لاگت پر قابو پانا ہے۔ یہ معاہدہ ایسے خانگی ملازمین کے بارے میں ہے جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے، انہیں خصوصی مہارت کے مراکز میں گھریلو کاموں کی تربیت دی جائے گی۔ سعودی عرب کے رسوم و رواج اور تقرر کے معاہدے کے قواعد و ضوابط سے واقف کروایا جائے گا۔