سعودیہ: منشیات کے کیس میں 392 افراد گرفتار

ریاض، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے گزشتہ دو ماہ کے دوران مملکت بھر میں چھاپہ مار کارروائیوں میں منشیات کے دھندے میں ملوث ہونے کے الزام 392 افراد کو گرفتار کر لیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ گرفتار کئے گئے افراد منشیات کی اسمگلنگ اور خرید وفروخت میں ملوث تھے۔ ان میں 103 سعودی شہری ہیں اور باقی 26 مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ان مشتبہ افراد کے قبضے سے نشہ آورممنوعہ دوا ایمفیٹامائن کے 14 لاکھ کیپسولز، 4.1 ٹن حشیش اور 3.8 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے 44 لاکھ سعودی ریال (11 لاکھ 70 ہزار ڈالر) نقد رقم بھی پکڑی گئی ہے۔ میجر جنرل منصورالترکی نے کہا کہ وزارت داخلہ ملک کے کسٹم حکام اور دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔