سعودیہ سے تین ماہ میں ایک چوتھائی ملین تارکین وطن ملک بدر

ریاض ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کا کہنا ہیکہ اس نے گذشتہ 3 ماہ کے دوران سلطنت سے ’’زائد از ایک چوتھائی ملین‘‘ بیرونی تارک وطن ورکرس کو ملک بدر کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کل کہا کہ یہ بیرونی شہری اس ملک میں غیرقانونی طور پر رہ رہے تھے اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے تھے۔ اس نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ یہ ملک بدری 4 نومبر کے بعد شروع ہوئی جبکہ ملک گیر مہم چلاتے ہوئے سلطنت کے 9 ملین تارک وطن ورکرس میں سے کئی افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ جن لوگوں کو ملک بدر کیا گیا ان میں زیادہ تر اتھوپیائی باشندے تھے جن پر یمن کے ساتھ متصل جنوبی سعودی سرحد کے ذریعہ سعودی سلطنت میں غیرقانونی طور پر داخلے کا الزام عائد ہوتا رہا ہے۔ سعودیہ میں زیادہ تر بیرونی ورکرس ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا وغیرہ سے ہیں۔