سشیل کمار کشتی مقابلے میں کوالیفائی نہ ہوسکے

جکارتہ۔ 19 اگست(سیاست ڈاٹ کام) المپک میں ہندوستان کے لئے دو بار تمغے جیتنے والے پہلوان سشیل کمار 18 ویں ایشیائی کھیلوں کے پہلے دن اتوار کو کشتی مقابلوں میں مردوں کے 74 کلوگرام فری اسٹائل وزن کے زمرے میں کوالیفکیشن میں ہار گئے جبکہ 57 کلوگرام میں سندیپ تومر نے جیت حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔حالانکہ تمغوں کی سب سے بڑی امید اور دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے سشیل نے بحرین کے ایڈم باتیروف کے خلاف اچھی شروعات کی اور 2۔1 کی برتری بنائی لیکن ایڈم نے سشیل کا پیر پکڑ لیا جس سے ہندوستانی پہلوان نے دو پوائنٹ گنوا دیئے اور 2۔3 سے پچھڑ گئے ۔ بالآخر سشیل 5۔3 سے مقابلہ گنوا بیٹھے ۔حالانکہ 57کریگو زمرے میں سندیپ نے شروع سے ہی جارحیت دکھائی اور ترکمانستان کے رستم نظاروف کو 12۔8 سے شکت دی۔ سندیپ نے رستم کے جسم کو پوری طرح قابو میں کرتے ہوئے 4 پوائنٹ حاصل کئے اور دوسری مدت میں 6۔4 کی برتری بنائی۔ رستم نے 8۔8 سے برابری کی لیکن سندیپ نے دو پوائنٹ لیکر 10.8 کی برتری بنائی۔ سندیپ کوارٹر فائنل میں ایران کے رضا انتریناگارچی سے مقابلہ کریں گے ۔مردوں کے 65 کلوگرام وزن کے زمرے میں بجرنگ پونیا نے ازبیکستان کے خسانوف سراج الدین کو 13۔3 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔86کلوگرام وزن کے زمرے میں ہندوستان کے پوان کمار کمبوڈیا کے ووتی ہینگ کے خلاف چیلنج پیش کریں گے ۔ وہیں موسم کھتری 97 کلوگرام وزن کے زمرے کے کوارٹر فائنل میں ازبیکستان کے مگومید ابراہیموف کے خلاف اتریں گے ۔