سشما کے شوہر کو ڈائرکٹر بنانے للت مودی کی پیشکش کا انکشاف

نئی دہلی ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج کے شوہر کو آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی کے خاندان کی طرف سے چلائی جانے والی ایک کمپنی میں ڈائرکٹر کا عہدہ دینے ان (للت مودی) کی پیشکش پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان اس کمپنی نے آج وضاحت کی کہ بورڈ کے اجلاس میں غور سے قبل ہی اس پیشکش سے دستبرداری اختیار کرلی گئی تھی۔ اس بات کے انکشاف پر یہ تنازعہ پیدا ہوا تھا کہ للت مودی نے سشماسوراج کے شوہر سوراج کونسل کو انڈوخل انڈسٹریز کے بورڈ میں متبادل ڈائرکٹر کی حیثیت سے شامل کرنے کی پیشکش کی تھی۔ ممبئی میں واقع انڈوخل ایک کیمیکل کمپنی ہے جو للت مودی کے والد کے کے مودی کی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اس کمپنی کے بورڈ آف ڈائرکٹرس میں مودی کے ارکان خاندان بھی شامل ہیں۔ انڈوخل کے چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر کے کے مودی نے اس تنازعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے (للت) نے کونسل کے تقرر کی تجویز کو بورڈ میں غور کے لئے پیشکشی سے قبل واپس لے لیا تھا۔ چنانچہ بورڈ نے اس درخواست پر غور ہی نہیں کیا۔ کے کے مودی نے کہا کہ ’’للت نے کونسل کو کوئی اختیار نہیں دیا تھا بلکہ صرف بحیثیت متبادل ڈائرکٹر تقرر کی تجویز پیش کی تھی اور جب وہ (للت) ہی بورڈ میں شامل نہیں تھے تو مفادات کے ٹکراؤ کا سوال ہی کہاں پیدا ہوتا ہے‘‘۔