سشما سوراج کیلئے مقابلہ بہت سخت

ودیشا (ایم پی) ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر سشما سوراج کیلئے 2009 ء کے لوک سبھا انتخابات انتہائی آسان واقع ہوئے تھے کیونکہ ان کے کانگریسی حریف راج کمار پٹیل کی نامزدگی کو لمحہ آخر میں منسوخ کردیا گیا تھا لیکن 2014 ء انتخابات میں صورت حال ویسی نہیں ہے جیسی 2009 ء میں تھی ۔ سشما سوراج کیلئے واضح اکثریت سے جیتنا بہت مشکل بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔ یاد رہے کہ ودیشا بی جے پی کا گزشتہ 25 سال سے مضبوط حلقہ رہا ہے اور یہاں پارٹی کے ساتھ سخت مقابلہ کیلئے کانگریس نے پارٹی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کے چھوٹے بھائی و سابق ایم پی لکشمن سنگھ کو میدان میں اتارا ہے ۔ 2009 ء میں سشما سوراج نے ودیشا حلقہ سے اپنے سماج وادی پارٹی حریف چودھری منور سلیم کو 3,89,844 کے بڑے فرق سے شکست دی تھی کیونکہ اس وقت انہیں کانگریس کی جانب سے کوئی چیلنج درپیش نہیں تھا۔