نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر قائدین سشما سوراج، مرلی منوہر، اوما بھارتی کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو، جنتادل (یو) کے سربراہ شردیادو اور کانگریس لیڈر امریندر سنگھ نے چھٹے اور ساتویں مرحلہ کے لوک سبھا انتخابات آج اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ مرکزی وزیر ملند دیورا ، این سی پی لیڈر چھگن بھوجبل، آر ایل ڈی لیڈر امر سنگھ بھی انتخابی عمل میں شامل ہوگئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اپنے پرچہ نامزدگی اترپردیش کے مین پوری سے داخل کیا۔
وہ اعظم گڑھ سے بھی مقابلہ کررہے ہیں تاکہ نریندر مودی کو منہ توڑ جواب دے سکیں جو وارناسی سے امیدوار ہیں۔ ملائم سنگھ کے دوست سے حریف بننے والے امر سنگھ نے فتح پور سیکری سے اپنا پرچہ داخل کیا۔ اُنھوں نے حال ہی میں اجیت سنگھ کی پارٹی آر ایل ڈی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سشما سوراج نے ودیشا (مہاراشٹرا) سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ جبکہ اوما بھارتی لوک سبھا حلقہ جھانسی اور مرلی منوہر جوشی کانپور سے امیدوار ہیں۔ امریندر سنگھ نے امرتسر سے پرچہ داخل کیا۔ امرتسر میں 30 اپریل کو رائے دہی ہوگی جہاں دیگر 12 حلقوں پر بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چھگن بھوجبل نے ناسک لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
مسلمانوں کو احمد بخاری کی باتوں میں نہ آنے بی جے پی کا مشورہ
نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جامع مسجد دہلی کے شاہی امام احمد بخاری کی جانب سے کانگریس کی تائید کا اعلان کرنے کے چند گھنٹوں بعد بی جے پی نے آج اِن پر شدید تنقید کی اور مسلمانوں سے کہاکہ وہ احمد بخاری کی باتوں میں نہ آئیں۔ احمد بخاری کو مسلمانوں کا بااثر لیڈر سمجھا جاتا ہے۔ بی جے پی لیڈر وجئے کمار ملہوترہ نے پریس کانفرنس میں کہاکہ بخاری کے موقف بدلنے پر مسلمان اُن کے جھانسے میں نہ آئیں۔