سشماسوراج کے خلاف راجیہ سبھا کو گمراہ کرنے پر نوٹس

نئی دہلی ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج ایک مراعات شکنی نوٹس وزیرخارجہ سشماسوراج کے خلاف راجیہ سبھا میں پیش کی اور ان پر الزام عائد کیا کہ عراق کے شہر موصل میں 2014ء میں مغویہ 39 ہندوستانیوں کی موت کے بارے میں ایوان کو انہوں نے گمراہ کیا ہے۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ امبیکاسونی، پرتاب باجوا اور شمشیر سنگھ دلو نے سشماسوراج کے خلاف تحریک مراعات شکنی راجیہ سبھا میں پیش کی۔ قاعدہ 188 کے تحت ایک نوٹس جاری کی گئی۔ تحریک کے مطابق سشماسوراج نے اپنے ساتھی وزیر ریٹائرڈ جنرل وی کے سنگھ کی مدد سے دانستہ طور پر ایوان بالا کو 39 ہندوستانیوں کی ہلاکت کے بارے میں گمراہ کیا ہے۔ جون 2014 ء اور مارچ 2018ء کے دوران وزیرمملکت نے ان افراد کے بارے میں حقائق سے حکومت کو ناواقف رکھا۔ 18 مارچ 2018ء کو مرکزی وزیر نے ایوان پارلیمنٹ میں توثیق کی کہ ان افراد کو قتل کردیا گیا ہے ۔ سونی ، دل اور باجوا نے سشماپر گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔