سشماسوراج کا آج سے دورہ ٔچین

نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج کل سے چار روزہ دورہ پر چین روانہ ہوں گے۔ ان کے ہمراہ نئے معتمد خارجہ جئے شنکر بھی ہوں گے۔ سشماسوراج چین کے اپنے ہم منصب سے مختلف مسائل پر بات چیت کریں گے۔ چین کے وزیرخارجہ وانگ وان کے ساتھ ان کی بات چیت کو اہمیت دی جارہی ہے۔ وہ روس ۔ ہند ۔ چین اجلاس میں بھی شرکت کریں گی۔ سشماسوراج کے ہمراہ نئے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر کے علاوہ دیگر سینئر وزارتی عہدیدار بھی ہوں گے۔ جئے شنکر کا دو دن قبل ہی معتمد خارجہ کی حیثیت سے تقرر عمل میں آیا ہے۔ اس کے بعد ان کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہوگا۔ حکومت نے سجاتا سنگھ کو عجلت میں ہٹا دیا تھا۔ جئے شنکر نے چین میں ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے خدمت انجام دی تھی۔ وہ یہاں چار سال تک سفارتی ذمہ داریاں ادا کررہے تھے۔ یہاں سے انہیں 2013ء میں امریکہ میں ہندوستانی سفیر بنایا گیا تھا۔

ٹاملناڈو میں ’’گھرواپسی‘‘ پروگرام
چینائی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ’’گھر واپسی ‘‘ کے بارے میں جاری تنازعہ کے درمیان تین جوڑوں کے بشمول 9 افراد کا دوبارہ مذہب تبدیل کرتے ہوئے انہیں ہندو بنایا گیا جبکہ زائد از ایک دہا وہ عیسائی رہے۔ آج یہاں منعقدہ مختلف تقریب میں یہ کارروائی انجام دی گئی ۔ مذہب تبدیل کرنے والے تمام 9 افراد تعمیراتی مزدور ہیں۔ انہیں گنگا اشنان کے بعد پوجا کرائی گئی۔