روم ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نے آج اطالوی وزیراعظم پروفیسر گوسیپ کونٹے سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مختلف شعبوں میں مستحکم کرنے تفصیلی بات چیت کی۔ سشماسوراج اس وقت اپنے چار یوروپی ممالک کے دورہ کے پہلے مرحلہ میں یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے اطالوی ہم منصب اینزو مواویرو میلانیسی سے بھی ملاقات کی۔ وزارت حارجہ کے ترجمان رویش کمار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دونوں قائدین نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے موضوع پر بات چیت کی۔ یاد رہیکہ مسٹر کونٹے کے اطالوی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی تبادلہ کا یہ پہلا موقع ہے۔ سشماسوراج اٹلی کے بعد فرانس، لگژمبرگ اور بلجیم کا دورہ بھی کریں گی جن کے ہندوستان کے ساتھ گہرے تجارتی تعلقات استوار ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ 23 جون کو سشماسوراج کا چار ملکی یوروپی دورہ اختتام پذیر ہوگا۔