سسرال کی ہراسانی و جہیز کا مطالبہ ، دو خواتین کی خودکشی

حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر اور زائد جہیز کے مطالبہ کو پورا کرنے پر دو خواتین کی خودکشی کے علحدہ واقعات شہر حیدرآباد میں پیش آئے ۔ پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ میں 22 سالہ سمرین بیگم نے خودکشی کرلی جو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آچکی تھی ۔ خاتون نے 18 اکٹوبر کے دن پھانسی لیکر انتہائی اقدام کی کوشش کی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق سمرین بیگم کا شوہر اس کے کردار پر بھی شک کرتا تھا اور خاتون کو شوہر کے علاوہ سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی کا بھی سامنا تھا ۔پولیس چھتری ناکہ ذرائع کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر جسمانی و ذہنی اذیت دی جارہی تھی ۔ سمرین بیگم اپوگوڑہ علاقہ کے ساکن شخص محمد سہیل کی بیوی تھی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 19 سالہ لاونیا جس کی شادی 2 ماہ قبل ہوئی تھی ۔ اس خاتون نے 2 لاکھ روپئے کے مطالبہ کو پورا کرنے کی شرط اور مطالبہ سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔ لاونیا کی شادی ہاشم نگر کالونی لنگر حوض علاقہ کے سا کن مہیش کمار سے جاریہ سال اگست میں ہوئی تھی ۔ یہ خاتون کا تعلق وقارآباد سے بتایا گیا ہے ۔ شادی کے وقت مزید گھریلو سامان نقد رقم و دیگر اشیاء دی گئی تھیں اور 2 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ جس کیلئے خاتون کو ہراسانی کا سامنا تھا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔