سسرالی مکان میں سرقہ کرنے والے ملزمین بشمول داماد گرفتار

مسروقہ مال برآمد، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے سکندرآباد کے علاقہ ترملگیری میں پیش آئے سنسنی خیز ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزمین بشمول داماد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یکم اکٹوبر کو 48 سالہ سید جمیل جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور معاشی پریشانیوں کا شکار ہے۔ جمیل نے قرض کی ادائیگی اور معاشی پریشانیوں سے چھٹکارا پانے کے لئے اپنے ہی سسرال میں ڈکیتی کا منصوبہ تیار کیا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ منصوبہ بند طریقہ سے سید جمیل نے اپنے چھوٹے بھائی سید مجیب اور دیگر ساتھیوں شیخ عبدالسلیم، محمد عمران، محمد اسمٰعیل، محمد عدنان، محمد ضمیر اور اُس کی بیوی بی بی بیگم عرف ریشما کی مدد سے سسرالی مکان میں داخل ہوکر اپنی ساس اقبال بیگم اور اُن کی بہو شمس النساء بیگم کے منہ پر ٹیپ لگاکر ہاتھ پیر باندھ دیئے اور وہاں سے طلائی زیورات و نقد رقم کا سرقہ کرکے فرار ہوگئے۔ انجنی کمار نے کہاکہ سید جمیل کا برادر نسبتی شاہنواز جو جی ایچ ایم سی کا ملازم ہے، ڈکیتی کے وقت مکان میں موجود نہیں تھا۔ اُنھوں نے بتایا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ مکان میں ڈکیتی کے دوسرے دن ہی اقبال بیگم کا انتقال ہوگیا۔ ٹاسک فورس پولیس نارتھ زون ٹیم نے سید جمیل اور اُس کے ساتھیوں کی نشاندہی کرنے کے بعد اُسے گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے عدالت میں پیش کرنے کے بعد اُسے جیل بھیج دیا۔