سستے چشمے آنکھوں کیلئے نقصان دہ

آنکھوں کو گرد اور دھوپ سے بچانے کیلئے چشمے بہترین ثابت ہوتے ہیں لیکن ان کے فوائد کے ساتھ ساتھ کچھ نقصانات بھی ہوتے ہیں۔ عام طور پر رنگین شیشوں والے چشمے بازار میں کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں۔ یہ سستے چشمے آنکھوں کیلئے نقصاندہ ثابت ہوتے ہیں

کیونکہ سورج کی روشنی جب ان شیشوں سے گذر کر آنکھوں پر پڑتی ہے تو یہ آنکھ میں موجود ریٹینا کو نقصان پہنچاتی ہے۔ طبی ماہرین نے کہا کہ دھوپ کے چشموں کی ناقص کوالٹی بینائی پر مناسب اثرات مرتب کرسکتی ہے۔ اصل برانڈکی خوبصورت اور دیدہ زیب چشموں کی نقل پر تیار کردہ چشمے کم قیمت ہونے کی وجہ سے آج کل تیزی سے فروخت ہورہے ہیں۔

حال ہی میں کئے جانے والے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ ناقص میٹریل پر مشتمل یہ چشمے دیکھنے میں خوبصورت اور کم قیمت ہونے کی وجہ سے خواتین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اور فورا بک جاتے ہیں ۔ مگر ان کے استعمال کے بعد جو تکالیف شروع ہوتی ہیں ان کا علاج خاص مہنگا ہوتا ہے۔ چشمے فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں اصل قیمت ہر کسی کے بس کا روگ نہیں اس لئے زیادہ تر لوگ یہی چشمے استعمال کرتے ہیں۔ ناقص چشموں کی وجہ سے برانڈڈ چشموں کا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ ناقص کوالٹی کے چشمے استعمال کرنے کی وجہ سے نظر کمزور ہونے لگتی ہے۔ اس کے علاوہ آنکھوں کی شدید بیماریوں کا خطرہ بھی لاحق ہوجاتا ہے۔