سری کانت دوسرے راونڈ میں، پرنے کوشکست

فوژو۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے کڈامبي سری کانت نے فوژو چائنا اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں آج مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی لیکن ایچ ایس پرنے شکست کھاکر باہر ہو گئے ۔ پانچویں سیڈ سری کانت نے مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں فرانس کے لوکاس کوروی کو 21-12، 21-16 سے راست گیموں میں شکست دے کر 35 منٹ میں ہی دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ سری کانت اب کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے انڈونیشیا کے ٹومی سگیارتو سے دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ کریں گے ۔ ایک اور ہندوستانی کھلاڑی پرنے کو اگرچہ انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی سے پہلے دور میں 11-21، 14-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئے ۔خواتین کے سنگلز میں ویشنو ریڈی بھی پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں ہی شکست کھاکر باہر ہو گئیں۔ ہندوستانی کھلاڑی کو تھائی لینڈ کی پورناپاوي چوچووونگ کے خلاف 12-21، 16-21 سے شکست ملی۔ مکسڈ ڈبلز میں ساتوکسراج رینکی ریڈي اوراشونی پونپا کا سفر بھی شروعات میں ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستانی جوڑی کو ملائیشیا کے چانگ پینگ گیہ لیو ینگ کی ساتویں سیڈجوڑی نے ایک گھنٹے تک کھیلے گئے مقابلے میں 18-21، 21-19،21-17 سے شکست دی۔