کولمبو ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہاں ایس ایس سی گراؤنڈ پر کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے ہی دن وکٹ بیٹنگ کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے جیسا کہ گیند گرنے پر وکٹ سے دھول اور مٹی اڑھ رہی ہے ، جہاں مقابلہ کے مابقی دنوں میں بیٹنگ مشکل ترین ہوجائے گی جبکہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 421 رنز اسکور کرتے ہوئے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک جنوبی افریقہ کو 98/3 تک محدود رکھا ہے۔ جنوبی افریقہ نے ناقص شروعات 13/2 سے کسی قدر باہر نکلتے ہوئے مقابلہ میں واپسی کی سمت آگے بڑھی ہے۔ نئے کپتان ہاشم آملہ 134 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنانے کے علاوہ تیسری وکٹ کیلئے فاف ڈوپلیسی (36 ) کے ہمراہ 58 رنز اور اے بی ڈی ولیئر س کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے ناقابل تسخیر 27 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ ڈی ولیئرس 38 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ دونوں کھلاڑی مہمان ٹیم کیلئے اہم ہے کیونکہ ٹیم پہلی اننگز میں سری لنکا سے ہنوز 323 رنز پیچھے ہے۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنی کل کی اننگز 305/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ جئے وردھنے جنہوں نے گزشتہ روز 140 رنز اسکور کرلئے تھے ، آج وہ رن آؤٹ ہونے سے قبل 165 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈک ولا 72 رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ کیلئے اسٹین ، فلینڈر اور جے پی ڈومینی نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔