مکنڈ کی نصف سنچری ‘کوہلی نے میزبان ٹیم کو فالوآن نہیں دیا
گالے ۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے یہاں میزبان سری لنکائی ٹیم کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن ہی اپنی کامیابی کے امکانات روشن کرلئے ہیں ، حالانکہ تیسرے دن کا کھیل بارش سے متاثر رہا ۔ جس کے باوجود دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم نے مقابلے میں 498 رنز کی سبقت بنالی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں اوپنر ابھینو مکند اور کپتان ویراٹ کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 189رنز اسکور کرلئے ہیں۔ قبل ازیں سری لنکائی ٹیم نے اپنی کل کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ پہلی اننگز میں 291 رنز ہی اسکور کرپائی حالانکہ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین انجیلو میتھیوز کے علاوہ پریرا نے شاندار مظاہرے کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور تو کی تاہم دونوں ہی بیٹسمین سنچری کے قریب ہونے کے باوجود تین ہندسہ کے انفرادی اسکور کو عبور نہ کرسکے۔ میتھیوز نے 130 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 83 رنز جبکہ پریرا نے 132 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 92 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کے لئے رویندر جڈیجہ کامیاب بولر ثابت ہوئے جنھوں نے 67 رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے پہلی اننگز میں 309 رنز کی سبقت ملنے کے باوجود میزبان ٹیم کو فالو آن نہیں دیا بلکہ دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔ دن کے اختتام پر مُکند 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ویراٹ کوہلی 114 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کئے ہیں۔ دیگر آؤٹ ہونے والوں میں دھون (14) اور پجارا (15)شامل ہیں۔