پالیکلے ۔13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کیخلاف کل شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹسٹ کیلئے انگلش ٹیم نے اپنی حتمی الیون سامنے لانے سے گریز کیا لیکن ٹریننگ سیشن کو دیکھ کر اس بات کا اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ انگلش ٹیم انتظامیہ کیلئے کیریئر کے اولین ٹسٹ میں سنچری بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین بین فوکس اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت بدستور مرکز نگاہ ہیں۔ ٹریننگ سیشن کے دوران بین فوکس وکٹ کیپنگ گلووز کے ساتھ مشق کرتے ہوئے دیکھے گئے جبکہ مرد بحران سمجھے جانے والے جانی بیئراسٹو زخم سے نجات کے بعد اگرچہ ٹریننگ سیشن میں واپس آگئے لیکن انہیں میدان میں کیچنگ تک محدود رکھا گیا اور ایسا لگتا ہے کہ وہ مزید آرام کے مستحق سمجھے جائیں گے۔ بین فوکس کے ساتھ سلپ میں جوز بٹلر بھی موجود تھے جن کو مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کے باعث ٹسٹ میچوں کیلئے قابل غور سمجھا گیا لیکن وہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھانے کے بجائے مخصوص بیٹسمین کی حیثیت سے نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے جبکہ معین علی اور بین اسٹوکس کو پانچویں اور چھٹے نمبر پر کھلایا جائے گا۔