سری لنکا ۔ویسٹ انڈیز آج پہلے ٹسٹ کا آغاز

پورٹ آف اسپین ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا کل پہلا مقابلہ یہاں کوئنس پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کو 36 برس قبل ٹسٹ ٹیم کا موقف دیا گیا تھا جس کے بعد سے یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 سے زائد ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شرکت کرے گی نیز چوتھی مرتبہ سری لنکائی ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ کررہی ہے جس میں 2 سے زائد ٹسٹ مقابلے کھیلے جائیں گے۔ حالیہ برسوں میں سری لنکا کے ٹسٹ کرکٹ میں مظاہرے کسی قدر بہتر ہیں جبکہ آخری مرتبہ مہیلا جئے وردھنے کی قیادت میں سری لنکائی ٹیم نے ویسٹ انڈیز میں پہلا ٹسٹ کامیابی حاصل کی تھی۔ گزشتہ 7 مقابلوں میں سری لنکا کو صرف ایک مرتبہ سرفہرست ہندوستانی ٹیم کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ، باقی تمام مقابلوں میں اس نے یا تو فتوحات حاصل کی ہیں یا مقابلے ڈرا کئے ہیں جس میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز میں 2-0 کی کامیابی کے علاوہ فروری میں بنگلہ دیش کے خلاف منعقدہ سیریز میں بھی اسی فرق کی کامیابی قابل ستائش ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کل شروع ہونے والی سیریز کی تیاری نے سری لنکائی ٹیم کو غیرمتوقع رکاوٹیں برداشت کرنی پڑی جس میں اہم کھلاڑیوں کی شمولیت بھی ہے۔ سری لنکائی ٹیم انتظامیہ نے اندرون 11 ماہ انگلینڈ میں منعقد شدنی آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کے تناظر میں بھی کئی اہم کھلاڑیوں کو محفوظ کیا ہے جس سے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف سری لنکا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اوپنر دیموت کرونا رتنے زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز میں شرکت سے محروم ہیں جبکہ فاسٹ بولر دشمنتا چمیرا اور نوون پردیپ بھی زخمی ہونے کی وجہ سے سیریز سے محروم ہیں۔ ابھرتے بیٹنگ اسٹار دھننجیا ڈیسلوا اپنے والد کے قتل کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے دورہ پر تاخیر سے پہنچ رہے ہیں تاہم پہلے ٹسٹ میں ان کی شرکت متوقع نہیں ہے۔