نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں کوئی پس و پیش نہیں کیا کہ ان کی ٹیم نے اپنی ناقص کارکردگی سے ان کے ملک کو مایوس کیا ہے جس کے نتیجہ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 سے باہر ہونا پڑا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق سری لنکا کی ٹیم اپنے 10 ٹی۔ 20 انٹرنیشنل میچوں میں صرف متحدہ عرب امارات اور افغانستان جیسی کمزور ٹیموں کے خلاف ہی جیت سکی ہے اور ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والے کسی بھی ملک کی ٹیم کے مقابلے کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انگلینڈ نے کل رات سری لنکا کو 10 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنلس میں اپنی رسائی پر پیشرفت کی، اس کے ساتھ جزیرہ نما ملک کی ٹیم کو ٹورنمنٹ سے باہر ہی کردیا۔ اینجیلو میتھوز نے اس مایوس کن شکست کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’میرے خیال میں گزشتہ چند ماہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کے لئے مایوس کن رہے ہیں۔ ہم نے اپنے مداحوں کو مایوس کیا ہے بلکہ سارے ملک کو مایوس کیا ہے، بہرحال ہم اچھی طرح کرکٹ نہیں کھیل سکے‘‘۔ میتھیوز نے مزید کہا کہ ’’ہم یہی کرسکتے ہیں کہ امتزاج اور ملی جلی ٹیم کو برقرار رکھیں۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کی کوشش نہ کریں۔ ہمیں تقریباً 20 کھلاڑیوں کے انتخاب کی کوشش کرنا چاہتے اور 6 ماہ بعد ان کے کھیل کا بغور جائزہ لیا جانا چاہئے۔ انہیں سنبھلنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ اس کے بعد ان کا مظاہرہ دیکھنا چاہئے، کیونکہ جلد بازی میں کئے جانے والے کسی فیصلہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ ہمیں صبر و تحمل کی ضرورت ہے‘‘۔ میتھیوز نے کہا کہ ٹی۔ 20 کے باضابطہ کپتان لست ملنگا کی کمی بھی ٹیم میں شدت سے محسوس کی گئی لیکن ان کی عدم موجودگی کو اس قسم کے مجموعی بہترین مظاہرہ کیلئے عذر کے طور پر پیش نہیں کیا جاتا۔