سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں پاکستان شکست کے قریب

کولمبو 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف جاریہ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں پاکستانی ٹیم شکست کے قریب پہونچ گئی ہے جبکہ اسے کامیابی کیلئے مزید 144 رنز بنانے ہیں اور اس کے پاس محض تین وکٹس بچے ہوئے ہیں۔ پاکستانی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں انتہائی ناقص مظاہرہ کیا اور غیر ضروری اسٹروکس لگاتے ہوئے وہ ایک کے بعد دیگر ے پویلین لوٹتے گئے ۔ سری لنکا کے بولرس نے پاکستانی بلے بازوں کی تن آسانی کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے وقفہ وقفہ سے وکٹس حاصل کئے ۔ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 320 رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنائے ۔ دوسری اننگز میں سری لنکا کی ٹیم آج 282 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں وہاب ریاض اور سعید اجمل نے تین تین وکٹس حاصل کئے جبکہ دو وکٹس عبدالرحمن کے حصے میں آئے ۔ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں لڑکھڑا گئی اور اس نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک سات وکٹس کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے حالانکہ اس کے سامنے کامیابی کیلئے 271 رنوں کا نشانہ تھا ۔ اوپنرس جلدی جلدی آوٹ ہوگئے جس کے بعد دوسرے بلے باز بھی کوئی خاص مظاہرہ نہیںکرسکے ۔

خرم منظور 10 رن بناکر دھمیکا پرساد کی گیند پر ڈک ویلا کو کیچ دے بیٹھے جبکہ احمد شہزاد بھی دھمیکا پرساد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ انہوں نے صرف آٹھ رن بنائے تھے ۔ اظہر علی بھی صرف 10 رن بناسکے اور رنگنا ہیرات کی گیند پر انہوں نے جئے وردھنے کو کیچ دیدیا ۔ سینئر بلے باز یونس خان صرف آٹھ رن بناسکے اور ہیرات کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ کپتان مصباح الحق کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکے اور صرف تین رن پر آوٹ ہوگئے ۔ ہیرات کی گیند پر جئے وردھنے نے ہی ان کا کیچ لیا جبکہ اسد شفیق نے قدرے مزاحمت کی اور وہ 32 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ ہیرات کی گیند پر ڈک ویلا نے انہیں اسٹمپ آوٹ کیا ۔ سرفراز احمد ایک جانب سے اپنی وکٹ بچائے ہوئے ہیں اور سری لنکا کے بولرس کا اچھا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے آج کا کھیل ختم ہونے تک 63 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چوکے کی مدد سے 38 رنز بنائے ہیں۔ عبدالرحمن پریرا کی گیند پر پانچ رن بناکر کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ وہاب ریاض دو کے اسکور پر کھیل رہے ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے ایک بار پھر رنگنا ہیرات نے شاندار بولنگ کی اور انہوں نے 16 اوورس میں 46 رنز دیتے ہوئے چار وکٹس حاصل کلئے ہیں۔ دھمیکا پرساد نے دو وکٹس حاصل کئے جبکہ پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔ کل میچ کا آخری دن ہے اور پاکستان کے تین وکٹس باقی ہیں۔