کولمبو 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹسٹ میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے آج چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رن بنالئے تھے جبکہ اسے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے کل مزید 331 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل سری لنکا نے کمار سنگاکارا کی نصف سنچری اور دوسرے بلے بازوں کے قابل قدر اسکور کی بدولت اپنی دوسری اننگز 8 وکٹس پر 229 رن بناکر ڈیکلر کردی تھی ۔ سری لنکا کی جانبس ے کمار سنگاکارا 72 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ مورکیل کی گیند پر ڈی کاک نے ان کا کیچ لیا ۔ کپتان انجیلو میتھیوز نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوں نے 63 رن بنائے اور ناٹ آوٹ رہے ۔ وتانیج نے سات اور ڈک ویلا نے 16 رن بنائے تھے ۔ پریرا سات رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ ہیرات کو مورکیل نے چار رن کے اسکور پر آوٹ کیا تھا ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سری لنکا کی دوسری اننگز میں ڈیل اسٹین نے دو وکٹس حاصل کئے تھے
جبکہ عمران طاہر کو بھی دو وکٹس ملے ۔ مورنی مورکیل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 9.4 اوورس میں 45 رن دے کر چار وکٹس حاصل کئے ۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز کا تباہ کن انداز میں آغاز کیا ۔ الویرو پیٹرسن 25 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر کے اسکور پر آوٹ ہوگئے ۔ رنگنا ہیرات کی گیند پر وتھانیج نے ان کا کیچ لیا ۔ تاہم اس کے بعد ڈی ایلگر اور ڈی کاک نے ٹیم کو مزید کسی نقصان سے بچایا اور 38 رنز اسکور کرلئے ۔ ایلگر 13 اور ڈی کاک 21 رن بناکر کھیل رہے تھے ۔ کل میچ کا آخری دن ہے اورجنوبی افریقہ کو کامیابی کیلئے مزید 331 رنز بنانے ہیں جبکہ اس کے نو وکٹس باقی ہیں۔ سری لنکا کو آخری دن جہاں اپنی اسپن گیند بازی سے امیدیں ہیں تو افریقہ کو اپنے بلے بازوں سے اچھے مظاہرہ کی توقع ہے حالانکہ پہلی اننگز میں افریقہ کے تقریبا تمام بلے باز ناکام رہے تھے اور صرف کپتان ہاشم آملہ نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی ۔