سری لنکا کے خلافہندوستان پہلے ٹسٹ میں 304 رنز سے فاتح

 

گال۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آف اسپنر روی چندرن اشون اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ کی تباہ کن بولنگ کی بدولت دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن ہی 304 رنز سے روند کر تاریخی فتح حاصل کی۔رنوں کے فرق کے اعتبار سے یہ سری لنکا پر ہندوستان کی ریکارڈ کامیابی ہے ۔مہمان ٹیم نے اس کیساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں 0۔1کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ہندوستان اپنی دوسری اننگز میں کپتان وراٹ کوہلی کی سنچری(103 رن ناٹ آؤٹ ) کی بدولت 3وکٹ پر 240 رن بناکر میزبان ٹیم کے سامنے کامیابی کے نئے ریکارڈ550 رنز کا تقریباً ناممکن ہدف رکھا تھالیکن وہ اوپنر دمتھ کرونا رتنے کے 97 رنوں کے باوجود 76.5 اوروں میں 245 رن بناکر آوٹ ہوگئی۔ہندوستان کی طرف سے اشون اور جڈیجہ بالترتیب 65 اور 71 رن دے کرفی کس تین وکٹ لئے ۔سری لنکا کے دو کھلاڑی رنگنا ہراتھ اور اسیلا گناررتنے زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہیں کرسکے ۔ہندستان نے اس کامیابی سے2015 کی سیریز میں گال میں پہلے ٹسٹ میں ہی سری لنکا سے ملی شکست کا بدلہ بھی چکا لیا۔سری لنکا نے تب پہلا ٹسٹ 63 رنز سے جیتا تھا لیکن اس سیریز میں پہلی مرتبہ مکمل ٹسٹ کپتان بنے کوہلی نے باقی دو ٹسٹ جیت کر سیریز 2۔1 سے اپنے نام کی تھی۔کوہلی کی اپنی کپتانی میں 27 ٹسٹ میچوں میں یہ 17 ویں فتح ہے ۔اس جیت میں خود کوہلی کا اہم تعاون رہا۔انہوں نے ہندستان کی دوسری اننگز میں 136 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 103 رنز بنائے جو ان کی 17 ویں ٹسٹ سنچری تھی۔ کوہلی نے اپنی 17 ویں ٹسٹ سنچری کی بدولت پر سری لنکا کے سامنے مشکل ہدف رکھا اور اپنی کپتانی میں 17 ویں فتح حاصل کر لی۔اشون نے27 اوور میں65 رنز پر تین وکٹ لئے جبکہ جڈیجہ نے 24.5 اوور میں 71 رن پر تین وکٹ حاصل کئے ۔جڈیجہ نے اس طرح میچ میں کل 6وکٹ اور اشون نے چار وکٹ حاصل کئے ۔فاسٹ بولر محمد سمیع نے 43 رن پر ایک وکٹ اور امیش یادو نے 42 رن پر ایک وکٹ لیا۔ہندستان کی اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی 278 رنز کی تھی جو اس نے اگست 2015 میں کولمبو میں حاصل کی تھی۔یہ چوتھا موقع ہے جب ہندستان نے کسی ٹیم کے خلاف 300 کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے ۔انگلي کی تکلیف کی وجہ سے رنگنا ہراتھ اور اسیلا گنارتنے بیٹنگ کے لئے دستیاب نہیں تھے اور ہندوستان کو فتح حاصل کرنے کیلئے آٹھ وکٹ کی ضرورت تھی۔اوپنر دمتھ کرونارتنے نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 208 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے ۔کرونارتنے چھٹے بیٹسمین کے طور پر 240 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ انہیں اشون نے بولڈ کیا۔وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے 94 گیندوں میں 10 چوکوں کے ہمراہ 67، کوشل مینڈس نے 71 گیندوں میں 36 اور دلرووان پریرا نے 50 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 21 رنز بنائے ۔ڈکویلا کو بھی اشون نے ہی آؤٹ کیا۔اشون کی تیسری وکٹ نوان پردیپ (0) رہے ۔کرونارتنے اور مینڈس نے تیسرے وکٹ کیلئے 79 رن کی ساجھے داری کی۔کرونارتنے نے ڈکویلا کیساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 101 رن جوڑے ۔جڈیجہ نے مینڈس، انجیلو میتھیوز اور لاھرو کمارا کو آؤٹ کیا۔سمیع نے اپل تھرنگا اور امیش یادو نے دانشکا گناتلکا کے وکٹ لئے ۔ہندستان نے اپنی دوسری اننگز میں 3وکٹ پر 240 رنز بنا کر اننگز ختم کی۔کوہلی نے اپنے کل کے اسکور 76 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اپنے ٹسٹ کیریئر کی 17 ویں سنچری مکمل کی۔کوہلی نے 136 گیندوں میں 103 رن کی اپنی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اجنکیا رہانے نے 18 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے دلرووان پریرا، لاھرو کمارا اور دانشکا گناتلکا نے فی کس ایک وکٹ لی۔ہندستانی اوپنر شکھر دھون کو ان کی 190 رنز کی شاندار اننگز کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔