برج ٹاؤن۔27 جون (سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا نے ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ چوتھے دن مہمان ٹیم کو کامیابی کیلئے پانچ وکٹوں کی موجودگی میں 63رنز درکار تھے جو باآسانی حاصل کر لئے ۔ کوسال مینڈس 25رنز بنا سکے جبکہ کوسال پریرا28 اوردلروون پریرا 23 نے ناقابل شکست اننگز کی بدولت جیسن ہولڈرکی پانچ وکٹوں کے مظاہرہ کو ضائع کردیا۔واضح رہے کہ کھیل کے تیسرے دن سری لنکائی ٹیم نروشن ڈکویلا کے42رنز کے سہارے 154رنز بنا سکی تھی۔جیسن ہولڈر نے چار اور شینن گبرائیل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں برتری کے باوجود ویسٹ انڈیز ٹیم دوسری اننگز میں محض 93رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں کیمر روچ ہی ناقابل شکست 23رنز بنا سکے۔سرنگا لکمل اور کاسون راجیتھا نے فی کس تین جبکہ لہیرو کمارا نے دو وکٹیں لیں۔ تیسرے دن کے خاتمے تک144رنز کے نشانہ کا تعاقب کرنے والی سری لنکائی ٹیم اپنی پانچ وکٹیں81رنز پر گنوا چکی تھی۔ویسٹ انڈیزکے کپتان جیسن ہولڈر مین آف دی میچ جبکہ شینن گبرائیل نے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا۔یادرہے کہ اس میدان پر سری لنکا وہ پہلی ایشائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جس نے میزبان ٹیم کو ٹسٹ مقابلے میں شکست دی ہو۔