سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف 6 وکٹس سے کامیابی

کولمبو7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا نے آج چوتھے ونڈے میچ میں انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹس سے کامیابی حاصل کی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورس میں 267/4 رنز بنائے ۔ جواب میں سری لنکا نے سنگا کارا کے 86 رنز کی بدولت 49.4 اوورس میں 267 رنز بناتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ سنگا کارا نے 105 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے اور جارڈن کی گیند پر ووکس نے ان کا کیاچ لیا۔ ان کے علاوہ پریرہ نے 31اور جئے وردھنے نے 44 رنز بنائے ۔ میتھیوز 51 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ جارڈن کو دو وکٹس ملے جبکہ معین علی اور ووکس نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی ۔ قبل ازیں جیمس ٹیلر 10 رنز کی کمی سے اپنی سنچری سے محروم رہے لیکن انہوں نے انگلینڈ کے مجموعی اسکور کو 265 تک لیجانے میں اہم رول ادا کیا۔ سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلے جارہے چوتھے انٹرنیشنل ونڈے میچ میں ٹیلر کو تیسرا میچ کھیلنے کا موقع اس لئے دیا گیا کیونکہ کپتان الیسٹر کک کو ایک میچ کیلئے معطل کردیا گیا ۔

انہوں نے اس موقع سے پورا فائدہ اٹھایا اور 6 چوکے و 2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے ۔ انہیں مینڈیز نے آوٹ کیا ۔ الیسٹر کُک کی غیر موجودگی میں یوون مورگن ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے تلک رتنے دلشان کے آخری اوور میں 18 رنز بنائے اور اننگز کی آخری گیند پر وہ آوٹ ہوئے ۔ اسپنرس دلشان ، مینڈیز اور رنگنا ہیراٹ کو فی کس 3 وکٹ حاصل ہوئے ۔ ٹیلر نے تیسری وکٹ کی رفاقت میں جوروٹ (36)کے ساتھ 93 رنز جوڑے ۔ جبکہ سری لنکا نے اوپنرس ایلکس ہیلس اور معین علی کو آٹھویں اوور میں آوٹ کردیا جبکہ مجموعی اسکور صرف 29 رنز تھا۔ روٹ کے 26 ویں اوور میں آوٹ ہونے کے بعد روی بھوپارا نے ٹیلر کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 48 رنز جوڑے ۔ سری لنکا کو اسٹار بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے کی واپسی سے کافی حوصلہ ملا ہے کیونکہ انہوں نے اس سے پہلے ہمبن ٹوڈا میں کھیلے گئے میچ میں حصہ نہیں لیا تھا اور اس میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔