سری لنکا کیخلاف پہلے ٹسٹ میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز شکست

مینڈس اور ہیراتھ نے مہمانوں کی یقینی جیت کو حیرت انگیز ہار میں بدل دیا
پلے کیلے۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کوسل مینڈس کی سنچری اور اسپنر رنگنا ہیراتھ کے پانچ وکٹ کے ساتھ سری لنکا نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹسٹ میچ میں سرکردہ مقام کی حامل آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو 106 رنز سے حیرت انگیز طور پر بدترین شکست دے دی۔ ہیراتھ نے جو بیٹنگ کے دوران 38 رنز بناچکے تھے، انتہائی موثر بولنگ کے ذریعہ 54 رنز کے عوض پانچ وکٹ لیتے ہوئے آسٹریلیائی مہمانوں کو محض 161 رنز پر آؤٹ کردیا۔ مہمان ٹیم کھیل کے پانچویں اور آخری دن اپنی کامیابی کیلئے مقررہ 268 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہی تھی۔ ہیراتھ نے 178 گیندوں کی رفاقت کے ساتھ سری لنکا کو مایوسی میں ڈالنے والے اوکیفی اور پیٹر نیویل کو آؤٹ کرنے سے قبل آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ کو آؤٹ کیا۔ اسمتھ نے نصف سنچری بنائی۔ بالخصوص اوکیفی کے آؤٹ ہونے کا سری لنکا کے کھلاڑیوں نے اپنی کامیابی کا جشن منایا۔ آسٹریلیا کے خلاف 27 ٹسٹ میچوں میں سری لنکا کی یہ دوسری کامیابی ہے۔

بیٹسمین کوسل مینڈس نے اپنی پہلی سنچری کے ساتھ 176 رنز بناتے ہوئے دوسری اننگز میں سری لنکا کی غیرمتوقع کامیابی کی بنیاد رکھی حالانکہ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم اپنے حریفوں کے اسکور سے 86 رنز پیچھے تھی۔ کم اسکور کے اس میچ میں 21 سالہ مینڈس ہی سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین رہے، جنہوں نے 254 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 176 رنز بنایا۔ سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوس نے اپنی ٹیم کی حیرت انگیز کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میچ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک نوجوان خصوصی کھلاڑی کا ایک خصوصی کھیل تھا۔ (انہوں نے) خوب کھیلا ہے‘‘۔ سری لنکا کے اسپنرس کیلئے یہ میچ وقت کا مقابلہ کرنے کے مترادف تھا کیونکہ اس سے وقفہ وقفہ سے بارش نے میچ جیتنے والی ٹیم کو مایوس کرنے کا موقع متاثر ہوسکتا تھا، لیکن ہیراتھ کے ذہن میں کچھ اور ہی تھا جو انہوں نے کردیا۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ہیراتھ نے پہلی اننگز میں چار وکٹس لیتے ہوئے آسٹریلیائی بیٹسمین کو کافی پریشان کیا اور آج صبح انہوں نے ایک اور وکٹ لیتے ہوئے باقی کسر کو بھی پورا کردیا۔