ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی سزاء
کولمبو ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اسپنر کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ کھیلنے سے آج معطل کردیا گیا کیونکہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی تازہ ترین خلاف ورزی کے ساتھ 24 ماہ کے دوران ان کے نقائص کے پوائنٹس چھ تک پہونچ گئے ۔ جڈیجہ نے دوسرے ٹسٹ میچ کے دوران سری لنکا کے اوپنر اپنی گیند ڈیمتھ کرونا رتنے پر پھینک دیا تھا جبکہ بیٹسمین کیریز میں ہی موجود تھے اور امپائر نے اس حرکت کو خطرناک قرار دیا تھا ۔ ضابطہ اخلاق کی تازہ ترین خلاف ورزی سے ان کے نقائص کے تین پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں ان کی معطلی عمل میں آئی ۔ سری لنکا کے خلاف تیسرا ٹسٹ /12 اگست کو پلیگل میں شروع ہوگا ۔ جڈیجہ پر ان کے میچ کی فیس سے 50 فیصد رقم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ جڈیجہ نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن کی طرف سے تجویز کردہ فیصلہ کو قبول کرلیا ۔ اس سے پہلے اکٹوبر 2016 ء کے دوران انڈور میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ٹسٹ میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی جڈیجہ پر میچ فیس کی نصف رقم کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا ۔
جڈیجہ ، تیز رفتار 150 ٹسٹ وکٹس لینے والے دوسرے ہندوستانی بولر
کولمبو ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) رویندر جڈیجہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں یہاں دھننجیا ڈی سلوا کا وکٹ لیتے ہوئے تیز رفتاری کے ساتھ 150 وکٹ لینے والے دوسری ہندوستانی بولر بن گئے ہیں ۔ ان کی ٹیم کے ساتھی روی چندرن اشوین کو پہلا مقام حاصل ہے ۔ جڈیجہ نے دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی پہلی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ۔ روی چندرن اشوین نے 29 ٹسٹ میچوں میں 150 وکٹس حاصل کیا تھا جبکہ جڈیجہ کو 32 میچوں میں 150 وکٹس حاصل ہوئے ہیں ۔ سابق اسپنرس ایراپلی پرسنا اور انیل کمبلے 34 ٹسٹ میچوں میں 150 وکٹس حاصل کرسکے تھے اور ہربھجن سنگھ 35 میچوں میں اس نشانہ پر پہونچے تھے ۔ جڈیجہ اب 150 وکٹوں کے نشانہ تک پہونچنے والے لفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں ۔ وہ وینومنکڈ (40 ٹسٹ) ، بشن بیدی (41 ٹسٹ) روی شاستری (78 ٹسٹ) پر سبقت حاصل کرچکے ہیں ۔
گریکو رومن میں ساجن کو برونز
نئی دہلی ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ساجن نے فن لینڈ کے شہر ٹیمپرے میں چل رہی عالمی جونیئر کشتی چمپئین شپ میں ہفتہ کو گریکو رومن اسٹائل کے اپنے 74 کلو گرام وزن کی کلاس میں برونز میڈل جیت لیا جبکہ منیش کو 60 کلو گرام کلاس میں کانسی کے تمغہ مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ہندوستان کا ٹورنمنٹ میں یہ تیسرا کانسی ہے ۔