کولمبو 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف جاری دوسرے ٹسٹ میں میزبان سری لنکا کیلئے کامیابی حاصل کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ سری لنکا اگر یہ میچ جیت لیتی ہے تو دو ٹسٹ میچس کی سیریز 1 – 1 سے مساوی ہوجائیگی ۔ پاکستان نے اس میچ میں اپنی پہلی اننگز میں محض 138 رنز ہی اسکور کئے تھے ۔ اس کے جواب میں سری لنکا نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 315 اپنی پہلی اننگز میں بنائے تھے ۔ سری لنکا کو پہلی اننگز میں 177 رنوں کی سبقت حاصل ہوئی تھی ۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں قدرے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 329 رنز بنائے ۔ ان میں اظہر علی کی بہترین بیٹنگ شامل تھی ۔ انہوں نے 308 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کئے تھے ۔ رنگنا ہیرات کی گیند پر چنڈیمل نے انہیں اسٹمپ آوٹ کیا ۔ اظہر علی کا ساتھ احمد شہزاد نے بھی بہتر انداز میں دیا تھا ۔ شہزاد 154 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ کپتان مصباح الحق 22 ‘ یونس خان 40 اور اسد شفیق 27 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ دوسرے بلے باز کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکے ۔ یونس خان نے 67 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے تھے ۔ میتھیوز کی گیند پر چنڈیمل نے ان کا کیچ لیا ۔ اوپنر محمد حفیظ صرف آٹھ رن بناکر آوٹ ہوگئے تھے ۔ مصباح الحق نے 49 گیندوں میں 22 رن دو چوکوں کی مدد سے بنائے تھے ۔ دھمیکا پرساد نے انہیں ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ اسد شفیق کو چمیرا کی گیند پر چنڈیمل نے کیچ کیا ۔ انہوں نے 51 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 27 رن بنائے تھے ۔ سری لنکا کی جانب سے دھمیکا پرساد نے بہترین بولنگ کی اور چار وکٹس حاصل کئے ۔ چمیرا کو تین وکٹس ملے ۔ انجیلو میتھیوز نے دو اور ہیرات نے ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔ آج کھیل کا چوتھا دن بارش کی وجہ سے متاثر رہا اور 40 اوورس کے لگ بھگ کھیل متاثر ہوا ۔ کل میچ کا آخری دن ہے اور سری لنکا کو کامیابی کیلئے 153 رنز کا نشانہ عبور کرنا ہے جو اس کیلئے مشکل نظر نہیں آتا ۔