سری لنکا کو شکست ‘ ہندوستان نے سیریز جیت لی

حیدرآباد ۔ 9؍ نومبر ( پی ٹی آئی) ہندوستانی ٹیم نے حیدرآباد کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں آج کھیلے گئے تیسرے ونڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو چھ وکٹ سے شکست دیتے ہوئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز جیت لی ۔ شیکھر دھون کے 91 اور ویراٹ کوہلی کے 53 رن کی مدد سے ہندوستانی ٹیم چار وکٹ کے نقصان پر 245 رن بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔ سری لنکا کی ٹیم 242 رن بناسکی لیکن جئے وردھنے کی سنچری کے علاوہ دلشان کے 53 رن ان کی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے ۔

سری لنکا کی ناقص شروعات اور 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کی بناء مجموعی اسکور توقع کے مطابق نہیں رہا حالانکہ مہیلا جئے وردھنے نے شاندار سنچری اسکور کی۔ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف تیسرے میچ میں سابق کپتان مہیلا جئے وردھنے نے 118 رنز بنائے اور ونڈے انٹرنیشنل میچس میں جملہ 12,000 رنز کا ریکارڈ قائم کیا ۔ وہ کرکٹ کی عظیم ترین شخصیتوں سچن تنڈولکر، رکی پونٹنگ، سنت جئے سوریہ اور کمار سنگاکارا کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ جئے وردھنے کی یہ 17 ویں سنچری تھی۔ انہوں نے 426 ویں ونڈے انٹرنیشنل میچ میں 33.01 کی اوسط سے یہ ریکارڈ قائم کیا گیا۔ سری لنکا کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین جئے وردھنے 149 ٹسٹ میچس بھی کھیل چکے ہیں۔ آج کے میچ میں سری لنکا 49 ویں اوور میں 242 کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اومیش یادو اور اکشر پٹیل نے 7 وکٹس لئے۔ مہمان ٹیم کی شروعات انتہائی ناقص رہی لیکن مہیلا جئے وردھنے نے 124 گیندوں میں 118 رنز بناتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 200 رنز کے نشانے سے آگے بڑھایا۔ اکشر پٹیل سری لنکا کے لئے تباہ کن ثابت ہوئے اور پوری سیریز میں انہوں نے ٹیم کو کافی پریشان کن صورتِ حال سے دوچار کیا۔ سری لنکا نے 138/3 پر پاور پلے شروع کیا اور 154/6 پر اسے ختم کیا گیا۔

اکشر نے 3 اوورس ڈالے اور ہر اوور میں ایک وکٹ لی۔ تھسارا پریرا کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی حالت اور بھی ابتر ہوگئی کیونکہ اس کا اسکور 158/7 ہوگیا تھا۔ پاور پلے میں سری لنکا کے ناقص مظاہرہ کو جئے وردھنے نے تلک رتنے دلشان کے ساتھ مل کر کافی حد تک سنبھالا۔اس جوڑی نے مجموعی طور پر 104 رنز بنائے اور اس کے بعد دلشان امباٹی رائیڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 53 رنز بنائے۔ اس کے بعد جئے وردھنے تنہا ہوگئے اور دلشان کے بعد آنے والے 4 بیٹسمین صرف 11.2 اوورس ہی کھیل پائے۔ اس وقت جئے وردھنے کو کافی مشکل پیش آرہی تھی اور 38 و 39 ویں اوور میں انہوں نے سنگلز رنز لیتے ہوئے وکٹ بچانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد ایس پرسنا کے ساتھ جئے وردھنے نے اسکور کو آگے بڑھایا اور ان دونوں نے مل کر 67 رنز جوڑے۔ جئے وردھنے ونڈے انٹرنیشنل میں 12,000 رنز بنانے والے پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پرسنا کو یادو نے آؤٹ کیا جنہوں نے اپنے کریر کا بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 53 رنز کے عوض 4 وکٹس حاصل کئے۔ نوان کلو سیکھرا آخری کھلاڑی تھے جو آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جاریہ سیریز میں ہندوستان 2-0 سے آگے ہے۔ مختصر اسکور اس طرح رہا۔
سری لنکا 242 رنز آل آؤٹ ، 48.2 اوورس
مہیلا جئے وردھنے 118 ، تلک رتنے دلشان 53
اومیش یادو 4/53 ، اکشرا پٹیل 3/40