سری لنکا کو شکست دیکر جنوبی افریقہ پھر نمبر ون

کولمبو ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہاشم آملہ کی قیادت میں جنوبی افریقی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف یہاں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں شاندار مزاحمتی اور عالمی معیار کی اسپن بولنگ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے اس مقابلہ کو ڈرا کرنے کے ساتھ سیریز میں 1-0 کی تاریخ ساز کامیابی حاصل کی اور آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں دوبارہ نمبر ایک مقام حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقی ٹیم جسے اس ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 369 رنز اسکور کرنے تھے جبکہ کھیل کے آخری دن 90 اوورس میں خصوصاً میزبان ٹیم کے اسپنرس کا سامنا کرنا تھا جس کا نہ صرف افریقی بیٹسمینوں نے بہتر مظاہرہ کیا بلکہ بارش کی وجہ سے کسی قدر مقابلہ بھی متاثر ہوا لیکن مجموعی طور پر جنوبی افریقی بیٹسمینوں نے صبرآزما اور مزاحمتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 159/8 رنز اسکور کئے۔ سری لنکائی ٹم دوسرے ٹسٹ میں محض دو وکٹوں سے پیچھے رہ گئی کیونکہ وہ اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 سے مساوی کرسکتی تھی۔ ہمالیائی نشانہ کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اپنے کل کے اسکور 38/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن میزبان اسپنرس کو آخری دن 9 وکٹیں حاصل کرنے سے باز رکھا۔ دوسری اننگز میں نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمینوں کوئٹن ڈیکاک نے 92 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان ہاشم آملہ نے 159 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کئے۔ 130 رنز کے مجموعی اسکور پر جب مہمان ٹیم کے آخری مخصوص بیٹسمین جے پی ڈومنی 65 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صرف 3 رنز بناکر آوٹ ہوئے اس وقت سری لنکا کی کامیابی کے امکانات مزید روشن ہوچکے تھے لیکن فیلینڈر اور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے ہمراہ عمران طاہر نے بالترتیب 98 گیندوں میں 27، 28 گیندوں میں 6 اور 21 گیندوں میں 4 رنز اسکور کرتے ہوئے اعصاب شکن لمحات میں وکٹ پر ڈٹے رہتے ہوئے سری لنکا کو کامیابی سے باز رکھنے کے علاوہ برصغیر میں اپنی ٹیم کی ایک شاندار کامیابی کو یقینی بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ فیلینڈر کافی دیر وکٹ پر بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چوکوں کی مدد سے 27 رنز اسکور کئے جبکہ عمران طاہر نے 21 گیندوں میں 4 رنز اسکور کرتے ہوئے دوسرے ناک آوٹ بیٹسمین رہے۔ سری لنکا کیلئے رنگنا ہیراتھ نے 40 رنز کے عوض 5 اور پریرا نے 60 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں شاندار 165 رنز اسکور کرنے والے مہیلا جئے وردھنے کو مقابلہ کا بہترین کھلاڑی اور فاسٹ بولر اسٹین کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔