میرپور ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے ویراٹ کوہلی کی بہترین بلے بازی کے بدولت ایشیا کپ کے میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، یہ سری لنکا کی ٹورنمنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔ میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکا نے ناقص آغاز کیا اور ٹیم کو پہلا نقصان 6 رنز پر اٹھانا پڑا جب چندی مل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ 15 اور تیسری وکٹ دلشان کی صورت میں 31 رنز پر گری۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں کاپو گدیرا اور ملیندا سری وردنے نے 43 رنز بنائے اور اسکور کو 100 تک پہنچایا جس کے بعد سری وردنے 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے ابتدائی بلے باز وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے تاہم کاپوگدیرا نے 30 رنز کی اننگز کھیل کر سری لنکا کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی۔ کپتان میتھیوز 18 اور پریرا 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے آخری بلے بازوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 20 اور نویں وکٹ کی شراکت میں 13 رنز بنائے۔ کلاسیکرا آخری گیند پر 13 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ چمیرا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے اشوین، بومرہ اور پانڈیا نے 2،2 وکٹیں حاصل کئے۔ ٹارگٹ کے تعاقب میں ہندوستان کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا جب اوپنر شکھر دھون ایک رن بنا کر 11 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ روہت شرما کی گری تو ہندوستان کا اسکور 16 رنز تھا۔
اس وقت سریش رائنا بیٹنگ کیلئے آئے اور کوہلی کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور کو 70 تک پہنچایا اور 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کوہلی اور تجربہ کار کھلاڑی یوراج سنگھ نے خوبصورت بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اونچے شاٹ کھیلے ۔ یوراج 18 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو جیت کیلئے 19 رنز درکا رتھے۔ ہندوستان کی پانچویں وکٹ ہاردک پانڈیا کی گری جو 2 رنز بنا کر ہیراتھ کا نشانہ بنے۔ کوہلی نے ایک دفعہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور آخر تک کھڑے رہے انھوں نے 56 رنز بنائے، دھونی 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ۔ شکھر دھون کو راہانے کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ ہندوستان رواں ایشیا کپ میں اب تک کھیلے گئے تمام میچز جیت کر سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا کو بنگلہ دیش اور ہندوستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔