سری لنکا کرکٹ عہدیداروں کا جنوری میں انتخاب

ٹیم کے ہیڈ کوچ کا نئی گورننگ باڈی کے انتخاب کے بعد تقرر
کولمبو ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا کرکٹ کے نئے عہدیداروں کا انتخاب کرنے کیلئے انتخابات آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونگے ۔ سری لنکا کے وزیر اسپورٹس دیاسری جئے شیکھرا نے یہ بات بتائی ۔ سری لنکا کرکٹ کا کام کاج جاریہ سال مارچ سے عبوری کمیٹی کے ذریعہ چلایا جا رہا ہے جس کا تقرر حکومت نے کیا تھا ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس پر اعتراض کیا تھا اور یہ مطالبہ کیا تھا کہ جمہوری طور پر منتخب گورننگ باڈی کا جلد از جلد تقرر عمل میں لایا جائے ۔ نئی حکومت کا جنوری میں انتخاب عمل میں آیا تھا ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ چونکہ حکومت سری لنکا کرکٹ کے سابق انتظامیہ میں کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کروانا چاہتی تھی اس لئے نئی گورننگ باڈی کے انتخاب میں تاخیر ہوئی ہے ۔ حکومت کا مطالبہ تھا کہ سری لنکا کرکٹ کی جانب سے سرکاری اداروں کو جو بقایہ جات واجب الادا ہیں انہیں فوری ادا کیا جائے ۔ جئے شیکھرا کے پیشرو نوین دیسا نائیکے نے چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ بد عنوانیوں کے الزامات کی تحقیقات کروائی جاسکیں۔ رپورٹ جئے شیھرا کے حوالے کردی گئی ہے ۔ سری لنکا کرکٹ کی عبوری کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سری لنکا کے ہیڈکوچ کا تقرر نئی گورننگ باڈی کے انتخاب کے بعد ہی میں عمل میں آئیگا ۔اس عہدہ کیلئے جو درخواستیں طلب کی گئی تھیں اس عمل کو روک دیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چھ بیرونی درخواست گذار اس عہدہ کے خواہش مند ہیں ۔