گال۔18 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹسٹ کا دوسرا دن بھی بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث کھیل دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر گیلی وکٹ پر سری لنکن بلے بازوں کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اوپنرز دمتھ کرونارتنے اور کشال سلوا نے ابتدائی اوورز میں سنبھل کر کھیلتے ہوئے کوئی نقصان ہونے نہیں دیا لیکن 30 کے اسکور پر وہاب نے کرونا رتنے کو آؤٹ کرتے ہوئے پاکستان کو پہلی کامیابی وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ کراتے ہوئے دلائی ۔کرونارتنے کے بعد تجربہ کار کمار سنگاکار کریز پر پہنچے اور کشال سلوا کے ساتھ اسکور کوآگے بڑھایا۔اس دوران سری لنکا نے نے اپنے 100 رنز مکمل کر لئے لیکن 24 کے اسکور پر سنگاکارا اس وقت خوش قسمت رہے جب یاسر شاہ کی گیند پر اظہر علی شارٹ لیگ پر ان کا ایک مشکل کیچ تھامنے میں ناکام رہے۔سنگاکارا نے اس کیچ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور چائے کے وقفے تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔چائے کے وقفے کے بعد وہاب نے پاکستان کو سب سے اہم کامیابی دلاتے ہوئے خطرناک کمارسنگاکارا کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، انہوں نے 50 رنز بنائے۔اسکور میں 12 رنز کے اضافے سے لہیرو تھری مانے محمد حفیظ کا شکار بن گئے۔دوسرے اینڈ پر موجود کشال سلوا نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان اینجلو میتھیوز کے ساتھ مل کر دن کے اختتام تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔جب خراب روشنی کے سبب دوسرے دن کا کھیل قبل از وقت ختم ہوا تو سری لنکا نے 178/3 بنالئے تھے اور کشال سلوا 80 اور میتھیوز دس رنز پر کھیل رہے ہیں۔پاکستان کی جانب سے وہاب نے دو اور حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ میچ کا پہلا دن بارش سے متاثر رہا تھا اور حتیٰ کہ امپائرز ٹاس بھی نہیں کرسکے تھے۔تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی نبرد آزما ہوں گی۔