سری لنکا کا آج پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ،زخمی متھیوزباہر

دبئی ۔5 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ آج دبئی میں کھیلا جائے گا جو سری لنکا کا پہلا ڈے نائٹ ٹسٹ میچ ہو گا لیکن پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ سے قبل سری لنکائی ٹیم کو بڑا دھکا لگا ہے اور پنڈلی کی تکلیف سے صحتیاب نہ ہونے کے سبب اینجلو میتھیوز پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔پنڈلی کے زخم کا شکار سابق کپتان کو ٹیم شامل کیا گیا تھا کیونکہ ان کی صحت یابی کی امید تھی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ وہ دوسرے ٹسٹ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔یہ گزشتہ سال اکتوبر کے بعد سے تیسری ٹسٹ سیریز ہے جس میں میتھیوز شرکت نہیں کر سکے جہاں اس سے قبل وہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی سیریز میں شرکت نہیں سکے تھے۔میتھیوز کی عدم دستیابی کے سبب سری لنکن ٹیم کو دوسرے ٹسٹ کیلئے مستحکم بیٹنگ لائن تشکیل دینے کا چیلنج درپیش ہے کیونکہ لہیرو تھری مانے اور کشال سلوا اچھی فارم میں نظر نہیں آ رہے اور ابوظہبی میں زیادہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے لہٰذا دوسرے ٹسٹ میچ میں سری لنکا کی جانب سے روشن سلوا یا سدیرا سماراوکراما کو کرئیر کے آغاز کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔رواں سیریز میں سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف مسلسل ناکامیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کو پہلے ٹسٹ میں حیران کن شکست سے دوچارکیا تھا اور اب وہ سیریز میں 1-0 کی سبقت کو کامیابی میں تبدیل کرنے کی خواہاں ہیں۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم جس نے چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کو شکست دینے اور پھر ورلڈ الیون کے خلاف اپنے گھریلو میدانوں میں فتوحات کے بعد یہاں پہنچی تھی لیکن پہلے ٹسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹسٹ میں انکی ٹیم واپسی کرے گی۔پاکستان کو اپنے دو اہم فاسٹ بولروں محمد عامر اور حسن علی کی عدم دستیابی سے مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔