سری لنکا ٹور پر بیگمات یا گرل فرینڈز نہیں ہوں گی : بی سی سی آئی

ممبئی، 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے آئندہ ماہ دورۂ سری لنکا کے دوران کھلاڑیوں کی بیگمات یا ان کی گرل فرینڈز ان کے ہمراہ نہیں جائیں گی۔ اس فیصلے سے یقینی طور پر تمام کھلاڑیوں کی پارٹنرز دکھی ہوں گی۔ تاہم انوشکا کیلئے یہ خبر زیادہ دکھ کا باعث ہو سکتی ہے کیونکہ وہ اپنا بالی ووڈ شیڈول بھی ٹیم انڈیا کے شیڈول کی مناسبت سے ترتیب دیتی ہیں۔ اس سلسلے میں بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ کھلاڑی تقریباً ایک ماہ سے وقفے پر تھے، اور انہیں اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ہمراہ وقت گزارنے کیلئے کافی وقت مل چکا ہو گا، اسی لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سری لنکا ٹور کیلئے منتخب ٹیم میں کھلاڑیوں کی اکثریت گزشتہ ماہ دورہ ٔبنگلہ دیش کے بعد سے چھٹیوں پر تھی۔ اس دورے میں گرل فرینڈز اور بیگمات کے علاوہ کھلاڑی اپنے کوچ کی بھی شدید کمی محسوس کریں گے کیونکہ بی سی سی آئی تاحال ڈنکن فلیچر کا متبادل تلاش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ علاوہ ازیں ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری بھی ٹیم کے ساتھ پہلے ٹسٹ کے موقع پر شامل ہوں گے۔ اس سے قبل وہ اسکائی سپورٹس کے ہمراہ بطور تجزیہ کار ایشز کیلئے خدمات سرانجام دیں گے۔