سری لنکا ٹور : پاکستان کو 2006ء سے ٹسٹ سیریز جیت کی تلاش

مصباح اور انجیلو کی ٹیموں کے درمیان کل سے پہلا ٹسٹ ۔ سنگاکارا مرکز توجہ رہنے کا امکان
گال ( سری لنکا ) ، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کی ٹسٹ کرکٹ ٹیمیں چہارشنبہ سے یہاں پہلے ٹسٹ میں مد مقابل ہورہی ہیں۔ تین میچوں کی یہ سیریز دو سال کے مختصر عرصے میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چوتھی سیریز ہے۔ پاکستانی بولروں کیلئے کمار سنگاکارا کو قابو میں رکھنا سب سے کٹھن امتحان ہو گا جنھوں نے گزشتہ سال اگست میں پاکستانی بولنگ کے سامنے اسی گال کے میدان میں شاندار ڈبل سنچری بنائی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ سنگاکارا پاکستان کیخلاف تین میچوں کی سیریز کے دو ٹسٹ کھیلیں گے جس کے بعد وہ ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز کا پہلا ٹسٹ کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ سنگاکارا ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے پہلے ہی سبکدوش ہو چکے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں وہ 38 سنچریوں کی مدد سے 12,203 بنا چکے ہیں اور انھیں ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 12 ڈبل سنچریوں کا سرڈان بریڈ مین کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کیلئے صرف ایک ڈبل سنچری درکار ہے۔ سری لنکائی کپتان انجیلو میتھیوز پاکستانی بیٹسمنوں کو قابو میں کرنے کیلئے لیفٹ آرم اسپنر رنگنا ہیراتھ سے بڑی امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں، جنھوں نے اپنے 261 ٹسٹ وکٹوں میں سے 88 وکٹیں پاکستان کے خلاف صرف 17 ٹسٹ میچوں میں حاصل کر رکھی ہیں، جن میں127 رنز کے عوض نو وکٹوں کی کریئر کی بہترین بولنگ بھی شامل ہے۔ پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز کے دو ٹسٹ میچوں میں ہیراتھ نے 23 وکٹیں حاصل کی تھیں اور سری لنکا نے سیریز 2-0 سے جیتی تھی۔ اس شکست کے بعد سے مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز 2-0 اور بنگلہ دیش کیخلاف 1-0 سے جیتی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔ پاکستانی ٹیم 2006 ء کے بعد سے سری لنکا میں کوئی ٹسٹ سیریز نہیں جیت پائی ہے۔ آخری بار اس نے انضمام الحق کی قیادت میں دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔ سری لنکا کے کوچ مارون اٹاپٹو کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو آف اسپنر سعید اجمل کی غیرموجودگی سے نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔ اجمل گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف گال ٹسٹ میں مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تھے جس کے بعد انھوں نے اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کی۔ تاہم وہ بنگلہ دیش کے دورے میں کامیاب ثابت نہ ہو سکے اور انھیں سری لنکا کے دورے سے ڈراپ کر دیا گیا جس کے بعد اب وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔