سری لنکا ونڈے سیریز، انگلش ٹیم میں کرن برادرز شامل

لندن ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے آئندہ ماہ دورۂ سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز کے لئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور نائٹ کلب کے جھگڑے میں ملوث بین اسٹوکس اور ایلکس ہیلز بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔برسٹل کے نائٹ کلب کے باہر دونوں کھلاڑیوں کا جھگڑا ہوا تھا اور انگلش کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں پر کھیل کو تنازعہ کا شکار بنانے کا جرم عائد کیا تھا تاہم اس کے باوجود دونوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔وارکشائر کے فاسٹ بولر اولی اسٹون پہلی مرتبہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جو 90 سے 95 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔انگلش اسکواڈ میں ایک اور دلچسپ انتخاب کرن برادرز کا ہے اور اگر دونوں بھائی ایک ساتھ میچ کھیلتے ہیں تو یہ 19 برسوں بعد پہلا موقع ہو گا کہ انگلینڈ کی طرف سے دو بھائیوں کو ایک ساتھ میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔آخری مرتبہ 1999 میں ایڈم اور بین ہولیوک نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ انگلش ٹیم اس دورہ پر میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ونڈے، واحد ٹی20 اور تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔معلنہ ٹیم میں کپتان ایان مورگن معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، سیم کرن، ٹام کرن، لیام ڈاسن، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جو روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔