گیل۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سبکدوش ہورہے مہیلا جئے وردھنے نے آج غیرمتوقع اوپنر کا رول ادا کرتے ہوئے سری لنکا کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹسٹ کے آخری دن 7 وکٹس سے شاندار کامیابی دلائی۔ میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے کم از کم 21 اوورس میں 99 رنز بنانے تھے۔ آج کا میچ بارش اور خراب موسم کا شکار رہا، اس کے باوجود سری لنکا نے 17 ویں اوور میں یہ نشانہ بہ آسانی عبور کرلیا۔ جئے وردھنے جو 2 میچس کی سیریز کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہونے والے 26 رنز بنائے۔ کمارا سنگاکارا نے 21 رنز بنائے اور کپتان انجیلو میتھیوز 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ میتھیوز اور ویتھنگے نے جنید خان کے 16 ویں اوور میں 17 رنز بنائے اور اس کے دوسرے ہی اوور میں فاتح اِسٹروک لگایا۔ ٹیم کیلئے کامیابی کی بنیاد بائیں بازو کے اسپنر رنگنا ہیرات نے رکھی جنہوں نے 48 رنز کے عوض 6 وکٹس لئے اور پاکستان ٹیم کو دوسری اننگز میں چائے کے وقفہ کے بعد کے سیشن میں 180 رنز پر ڈھیر کردیا۔
پاکستان نے آج کھیل کی شروعات 4/1 سے کی اور صبح کے سیشن میں 3 وکٹس گر گئے، اس طرح لنچ تک 66 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ اوپنر احمد شہزاد نے 16 رنز بنائے۔ انہیں آف اسپنر پریرا نے آؤٹ کیا جن کا ریکارڈ 39/3 رہا۔ شہزاد نے اپنے پارٹنر اظہر علی سے مشاورت کے بعد امپائر سے نظرثانی کی درخواست نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اگر وہ ایسا کرتے تو بچ جاتے کیونکہ ٹی وی ری پلے میں دکھایا گیا کہ گیند لیگ اِسٹمپس نہیں چھوئی تھی۔ ہیرات، پاکستانی ٹیم کیلئے زبردست دھکا ثابت ہوئے اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے یونس خان کو 13 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس طرح ٹیم کا اسکور 55/4 ہوگیا۔ اظہر علی اور کپتان مصباح الحق نے پانچویں وکٹ کی رفاقت میں 56 رنز بنائے اور 41 رنز پر اظہر علی کو ہیرات آؤٹ کیا۔ مصباح الحق 28 رنز پر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان کا اسکور 133/7 ہوگیا تھا اور اس کا سارا انحصار اسد شفیق پر تھا جنہیں 8 رنز کے انفرادی اسکور پر ہیرات نے آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر شمندا ایرنگا نے عبدالرحمن کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد محمد طلحہ کو ہیرات نے آؤٹ کیا۔ یہی نہیں بلکہ آخری کھلاڑی جنید کی وکٹ بھی ہیرات ہی لی اور سرفراز احمد (52 ناٹ آؤٹ) کریز پر تھے۔ دوسرا اور آخری ٹسٹ سنہالیز اسپورٹس کلب (کولمبو) میں جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
اسکور کارڈ
پاکستان پہلی اننگز 451 (یونس خان 177 ، اسد شفیق 75 ، سرفراز احمد 55 ، عبدالرحمن 50 )۔ پریرا 5/137 ، رنگنا ہیرات3/116 ۔
سری لنکا پہلی اننگز 133/9 ڈیکلیر (کے سلوا 64 ، سنگاکارا 221 ، جئے وردھنے 59 ، میتھیوز 91 ) ۔ سعید اجمل 5/166 ، جنید خان 2/104 ۔
پاکستان دوسری اننگز : احمد شہزاد 16 ، اظہر علی 41 ، مصباح الحق 28 ، سرفراز احمد 52 ناٹ آؤٹ، جملہ 180 رنز۔ ہیرات6/48 ، پریرا 2/68 ۔
سری لنکا دوسری اننگز : تھرنگا 12 ، جئے وردھنے 26 ، سنگاکارا 21 ، میتھیوز 25 ناٹ آؤٹ ، ویتھنگے 11 ناٹ آؤٹ ۔ جملہ 99 رنز ۔ جنید 2/55 ، طلحہ 12/1