برمنگھم، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے لہیرو تھریمانے اور مہیلا جے وردھنے کی نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کو فیصلہ کن پانچویں ونڈے کرکٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔ لہیرو نے ناقابل شکست 60 اور جے وردھنے نے 53 رنز بنائے۔ لہیرو کو اہم مقابلے میں عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ لاستھ مالنگا کو شاندار بولنگ پر ’مین آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔ برمنگھم میں کھیلے گئے پانچویں و آخری ونڈے میچ میں السٹیر کک زیر قیادت میزبان انگلش ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.1 اوورز میں 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس میں جوس بٹلر کا نان اسٹرائیکرس اینڈ پر ’بیک اپ‘ کرتے ہوئے بولر سچترا سینانائیکے کے ہاتھوں رن آؤٹ کیا جانا شامل ہے جس پر تنازعہ کھڑا ہوا۔ کک 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے
، جبکہ سری لنکن بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث انگلش ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔ سری لنکا کی طرف سے مالنگا نے 3 وکٹیں، اجنتھا مینڈیس نے 2، اور سینانائیکے، پریان جان اور کپتان انجیلو میتھیوز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکن ٹیم نے لہیرو کے ناٹ آؤٹ 60 اور جے وردھنے کے 53 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 48.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور نہ صرف میچ 6 وکٹوں سے جیتا بلکہ پانچ میچوں کی سیریز بھی 3-2 سے اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمز ٹریڈ ویل نے 2 وکٹیں جبکہ جیمز اینڈرسن اور کرس جارڈن نے ایک، ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم نے ونڈے سیریز سے قبل واحد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل بھی جیتا تھا۔ اب دو میچ کی ٹسٹ سیریز 12 جون کو لارڈز میں شروع ہوگی۔