ہمبنٹوٹا ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے پاکستان کو ونڈے سیریز کے پانچویں و آخری میچ میں 165رنز سے شکست دے دی، اس کے باوجود پاکستانی ٹیم سیریز 2-3 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز یہاںسری لنکا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 369 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم ابتدا سے ہی ہمت ہار گئی اور بمشکل 203 رنز بنا کر 38ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ پاکستانی ٹیم کی طرف سے کوئی بیٹسمین بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوا۔ کپتان اظہر علی نے 35 اور محمد حفیظ نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے۔ رنز کا پہاڑ دیکھ کر نوجوان بلے باز دباؤ کا شکار ہو گئے ۔ احمد شہزاد نے 18 جبکہ سرفراز احمد نے 27 اور شعیب ملک نے 11 رنز بنائے۔ محمد رضوان 29 اور عماد وسیم 15 رنز بنا سکے جبکہ انور علی نے 11 رنز بنائے۔ یاسر شاہ 9، راحت علی صفر اور محمد عرفان 4 رنز بنا سکے۔ عرفان ناٹ آوٹ رہے۔ سری لنکا کیلئے سچترا سنانائیکے نے 3 جبکہ تھسارا پریرا نے 2 وکٹ لئے۔ گاماگے، کپتان انجیلو میتھیوز اور سری وردانا کو ایک، ایک وکٹ ملی۔ سری لنکا کے سنچری بنانے والے اوپنر کوشل پریرا کو ’مین آف دی میچ‘ اور پاکستان کے محمد حفیظ کو ’مین آف دی سیریز‘ایوارڈ دیا گیا۔