کراچی، 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے دورۂ سری لنکا میں میزبان ٹیم کیخلاف تینوں فارمٹ میں فتح کھلاڑیوں کی مثبت اور جارحانہ سوچ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ اپنے کامیاب دورۂ سری لنکا میں پاکستانی ٹیم نے ٹسٹ سیریز 2-1 اور ونڈے سیریز میں 3-2 سے کامیابی کے بعد ہفتہ کی شب ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ایک ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست سے دوچار کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کیا۔ پاکستان کے کوچ نے کہا کہ اس میچ میں فتح کے بعد مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کولمبو سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکمل دورے میں فتح کے بعد میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں لیکن ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے میں سب سے اچھی چیز یہ تھی کہ کھلاڑیوں کی سوچ میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور وہ مثبت کرکٹ کھیلنے لگے ہیں۔ وقار نے ٹسٹ کرکٹ میں ٹیم کی حالیہ فتوحات اور ٹیم کی عالمی ٹسٹ درجہ بندی میں تیسری پوزیشن پر موجودگی کی وجہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے بہترین امتزاج کو قرار دیا۔ وقار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہم ٹسٹ کرکٹ سے مکمل ہم آہنگ ہوگئے جہاں سینئرز اپنے جونیئرز کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور ہر کوئی جانتا ہے کہ اس کا رول کیا ہے۔ اس موقع پر پر انہوں نے ٹسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی یاسر شاہ، تجربہ کار یونس خان اور نوجوان شان مسعود کی کارکردگی کی بھی پذیرائی کی۔ ونڈے میچوں میں فتح کا ذکر کرتے ہوئے ماضی کے فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم میں نئے خون کو متعارف کرانے سے پاکستان کی فیلڈنگ میں بہتری کے ساتھ آہستہ کھیلنے کی سوچ کے خاتمے میں مدد ملی۔ ’’اظہر علی، سرفراز احمد، محمد رضوان اور انور علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘‘۔