سری لنکا ایشیا کپ سے باہر،افغانستان سوپر4 میں داخل

ابوظہبی۔18ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے 91رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایشیا کپ کے سوپر فور میں جگہ بنا لی۔250رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم کو 158رنز پر ڈھیر ہوگی۔ سری لنکا گروپ بی میںمسلسل دوسری شکست کے باعث ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ایک ہی میچ جیت کر سوپر4 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر گئی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں 249 رنز بنا کر پوری ٹیم آوٹ ہوگئی۔ محمد شہزاد اور احسان اللہ نے نسبتاً بہتر آغاز فراہم کرتے ہوئے 57رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد شہزاد 34 رنزبناکر آوٹ ہوئے جس کے بعد احسان اللہ نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر 50 رنز کی شراکت قائم کی، احسان اللہ 45 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ رحمت شاہ نے حشمت اللہ کے ساتھ مل کر اسکورآگے بڑھایا۔رحمت شاہ نے نصف سنچری بناتے ہوئے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ رہے ، حشمت اللہ 37 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ محمد نبی کی اننگز صرف 15 رنز تک محدود رہی اور نجیب اللہ زردان 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔سری لنکا کے تشارا پریرا نے 5وکٹیں حاصل کیں، دننجایا نے2وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے حصول کیلئے سری لنکائی ٹیم ایک مرتبہ پھر بہتر کھیل پیش نہ کرسکی۔ وقفے وقفے سے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔ سری لنکا کی طرف سے تھرنگا نے 36اور ڈی سلوا نے 23رنز بنائے جبکہ پریرا نے 28رنز بنا سکے۔کپتان انجیلو میتھیوز نے22رنز بنائے۔ مجیب الرحمان، راشد خان، گلاب دین اور محمد نبی نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔