سری لنکا آئندہ برس ہندوستان کیخلاف ٹسٹ سیریز کی میزبانی کا خواہاں

کولمبو 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کی جانب سے دورۂ ہند کو سیریز کے دوران منسوخ کرنے کے بعد ہنگامی حالات میں ہندوستان کی جانب سے 5 ونڈے مقابلوں کی سیریز میں شرکت کیلئے راضی ہونے کے بعد سری لنکائی کرکٹ بورڈ اب اِس کے صلہ میں آئندہ برس اگسٹ میں ہندوستان کے خلاف 3 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کی میزبانی کا خواہاں ہے اور اِس کے لئے بی سی سی آئی سے وہ تعاون کے لئے کوشاں ہے۔ سری لنکائی بورڈ کے عہدیدار نے کہا ہے کہ ہم نے ہندوستان کی جانب سے مدعو کئے جانے پر ہاں کہتے ہوئے یکم تا 14 نومبر 5 ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان آئندہ برس اگسٹ میں سری لنکا کا دورہ کرتے ہوئے 3 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شرکت کرے۔ ابتداء میں سری لنکائی ٹیم کو اگسٹ 2015 ء میں ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے 3 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں شرکت کرنی تھی لیکن اب سری لنکا ہندوستان کی میزبانی کرتے ہوئے 8 ملین امریکی ڈالرس کی آمدنی کا خواہاں ہے۔ دریں اثناء بی سی سی آئی کی جانب سے اِس معاملہ پر کچھ نہیں کہا گیا ہے لیکن اُمید ہے کہ منگل کو منعقد شدنی اجلاس میں اہم فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔