کولمبو۔5 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی ونڈے ٹیم کو اس وقت عجیب صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ہندستان کے خلاف آئندہ ونڈے سیریز کے لئے اس کی ٹیم کے 9 ارکان اپنے ہندستان کے دورے کے لئے ایرپورٹ تک پہنچے لیکن وزارت کی جانب سے انہیں اجازت نہیں ملنے کی وجہ سے گھر واپس جانا پڑا۔فی الحال سری لنکا، ہندستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ نئی دہلی میں کھیل رہی ہے اور اس کے بعد10 دسمبر سے تین میچوں کیونڈے سیریز کا آغاز ہوگا جس کا پہلا میچ دھرمشالہ میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کی ٹیم کے کپتان تشارا پریرا سمیت 9 کھلاڑی ونڈے ٹیم کا حصہ ہیں جنہیں منگل کو ہندستان کے دورے کے لئے روانہ ہونا تھا لیکن ایرپورٹ پر ہی انہیں روک دیا گیا۔ اس کے بعد سری لنکا کے کھلاڑیوں کو اپنے گھروں پر واپس جانا پڑا، جس کے باعث ہندستان کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ٹیم کے ایک اہلکار نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی صبح کے وقت ایرپورٹ پہنچ گئے تھے جبکہ اسپنر سچت پاتھیرانا تو ہوائی جہاز میں بھی بیٹھ گئے تھے لیکن تھوڑی دیر بعد سبھی کو یہ کہہ کر گھر جانے کے لئے کہہ دیا گیا کہ ابھی وزارت کھیل سے اجازت نہیں مل پائی ہے ۔ سری لنکا کے کھیل قوانین کے مطابق ملکی سطح پر نمائندگی کرنے والی تمام ٹیموں کو وزارت کھیل سے اجازت لینا ضروری ہوتا ہے ۔سمجھا جاتا ہے کہ30 نومبر کو منتخب سری لنکائی ٹیم کو وزارت کے پاس اجازت کے لئے وقت پر نہیں بھیجا گیا تھا جس سے یہ عجیب صورتحال پیدا ہوئی حالانکہ ٹیم کے ذرائع کے مطابق وزارت کے ساتھ اس مسئلے کو جلد ہی حل کرلیا جائے گا اور ٹیم کے کل تک ہندستان پہنچنے کی امید ہے ۔