سری لنکا آخری ون ڈے میں کامیاب، سیریز افریقہ کے نام

کولمبو۔13 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) اکیلا دھننجایا کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سری لنکا نے ونڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ کو 178 رنز سے شکست دی لیکن جنوبی افریقہ نے ابتدائی3 میچوں میں کامیابی کی بدولت سیریز 2۔3 سے جیت لی۔کولمبو میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ونڈے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کے دونوں اوپنرز نیروشان ڈیکویلا اور اپل تھارنگا نے 50 رنز کی شراکت کی تاہم تھارنگا 19 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد کوسل پریرا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور 8 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔نیروشان ڈیکویلا اور مینڈس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 114 رنز تک پہنچایا لیکن ڈیکویلا 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے۔کپتان اینجیلو میتھیوز3 بیٹسمینوں کے آوٹ ہونے کے بعد میدان میں اترے اور ناقابل شکست اننگز کھیلی لیکن مینڈس 142 کے اسکور پر 38 رنز بنا کر ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔شناکا نے 21، تھیساراپریرا 13 اور دھنانجیا نے 5 رنز بنا کر میتھیوز کا ساتھ دیا۔سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر299رنز بنائے۔میتھیوز نے ناقابل شکست 97 رنز بنائے اور صرف 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہیں کر پائے۔جنوبی افریقہ کو ہدف کے تعاقب میں پہلا نقصان تجربہ کار اوپنر ہاشم آملہ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ پہلے ہی اوور میں صفر پر پویلین لوٹ گئے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور مارک رام نے 31 رنز جوڑے۔ماک رام نے جارحانہ انداز میں 20 رنز بنائے جس کے بعد ہینڈرکس صفر اور کلاسان 3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔کوئنٹن ڈی کاک کے علاوہ جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بیٹسمین نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکا اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہوگی اور میچ 178 رنز کے بھاری فرق سے ہار گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کوک نے 54 رنز بنائے۔سری لنکا کے اکیلا دانانجیا نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔اکیلا دانانجیا کو تباہ کن بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔