میرپور۔5اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے آج حریف ٹیم سری لنکا کے دو سینئر کھلاڑیوں کمار سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر سری لنکائی ٹیم کا ڈریسنگ روم ان کھلاڑیوں کی کمی شدت سے محسوس کرے گی۔ دھونی سے جب استفسار کیا گیا کہ سنگاکارا اور مہیلاجئے وردھنے کے متعلق وہ چند الفاظ کہیں تو انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم دو انفرادی کھلاڑیوں کے متعلق تبصرہ کرے تو یہ بہ آسانی کہا جاسکتا ہے
کہ مہیلا جئے وردھنے اور سنگاکارا نے ایک عرصہ تک سری لنکائی کرکٹ کی خدمات کی ہیں۔تمام طرز کی کرکٹ میں انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے کئی اہم فتوحات بھی حاصل کی ہیں ۔ علاوہ ازیں دونوں نے مجموعی طور پر 650ونڈے مقابلوں کے علاوہ کئی ٹسٹ مقابلوں میں ٹیم کی نمائندگی کرنے کے علاوہ اہم فتوحات میں اپنا کلیدی رول ادا کیا ہے اور اب جب کہ ٹوئنٹی 20کرکٹ سے یہ دو کھلاڑی دور ہورہے ہیں تو سری لنکائی کرکٹ ٹیم کا ڈریسنگ روم ان کی کمی کو محسوس کرے گا ۔ دھونی نے مزید کہا کہ مذکورہ کھلاڑیوں کے متعلق ان کا کوئی شخصی بیر نہیں کیونکہ ہر کھلاڑی اپنی ٹیم کی نمائندگی کررہا ہے اور فائنل میں جو ٹیم بہتر مظاہرہ کرے گی وہی ٹیم چمپئن بنیں گی ۔